لکھنؤ،30؍جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بہوجن سماج پارٹی کی سپریمو مایاوتی نے آج بی جے پی پر ریزرویشن مخالف ذہنیت کے تحت کام کرنے اور اس معاملے میں لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔مایاوتی نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ تعلیمی، سماجی اور اقتصادی پسماندگی کی بنیاد پر دلتوں، قبائلیوں اور دیگر پسماندہ طبقے کے لوگوں کو ریزرویشن دئیے جانے کا انتظام ہے، لیکن آزادی کے بعد سے مختلف مخالف جماعتوں خاص طور پر کانگریس اور بی جے پی حکومتوں کی غلط پالیسیوں اور نیت کی وجہ سے اعلی ذاتوں اور اقلیتی سماج کے لوگوں میں غربت کی سطح میں کافی اضافہ ہوا ہے، اس لیے ان کے لیے غربت کی بنیاد پر الگ سے ریزرویشن کا انتظام کئے جانے کی ضرورت ہے۔بی ایس پی سربراہ نے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کی طرف سے کل ایک ٹی وی انٹرویو میں ریزرویشن کے سلسلے میں دئیے گئے مبینہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ دلتوں، قبائلیوں اور دیگر پسماندہ طبقوں کو ملنے والے 50فیصد کے ریزرویشن میں کمی کئے بغیر ہی اعلی ذاتوں اور اقلیتی سماج کے غریب لوگوں کو اقتصادی بنیاد پر ریزرویشن کا انتظام کیا جا سکتا ہے اور یہ بات بی جے پی کے قومی صدر کو بھی معلوم ہونی چاہیے ، لیکن وہ جان بوجھ کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مایاوتی کے دعوے کے مطابق ،شاہ نے انٹرویو میں کہا ہے کہ اعلی ذاتوں اور اقلیتی سماج کے غریبوں کو اقتصادی بنیاد پر ریزرویشن دیئے جانے سے دلتوں، قبائلیوں اور دیگر پسماندہ طبقات کے اس ریزرویشن میں کمی ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بی ایس پی اسے قبول نہیں کرے گی۔بی ایس پی صدر نے کہا کہ بی جے پی کی اعلی قیادت کو خاص طور پر ریزرویشن کے معاملے میں اپنے قول اور فعل میں زمین وآسمان کے فرق کو مٹاکر صحیح سوچ کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔